.

قصی السہیل کا وزارت عظمی کے لیے اپنی نامزدگی قبول کرنے سے انکار : عراقی میڈیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق میں مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ قصی السہیل نے وزارت عظمی کے منصب کے لیے اپنی ممکنہ نامزدگی قبول کرنے سے معذرت کر لی ہے۔

السومریہ نیوز چینل نے ایک دستاویز نشر کی ہے جس کے مطابق السہیل نے البناء سیاسی بلاک کی جانب سے اپنی نامزدگی کے جواب میں کہا ہے کہ "البناء الائنس کی جانب سے کی گئی نامزدگی قابل قدر ہے تاہم حالات اس نوعیت کی نامزدگی کے لیے ناموافق ہیں"۔

ادھر "البناء الائنس" نے بصرہ صوبے کے گورنر اسعد العیدانی کو وزارت عظمی کے منصب کے لیے اپنا نیا نامزد امیدوار مقرر کیا ہے۔

عراقی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بدھ کو علی الصبح اختتام پذیر ہونے والے اجلاس کے بعد اسعد العیدانی کی نامزدگی کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں تحریر ایوان صدارت ارسال کر دی گئی۔

یاد رہے کہ محمد شیاع السودانی اور قصی السہیل کے بعد العیدانی تیسری شخصیت ہیں جن کو "البناء الائنس" کی جانب سے سرکاری طور پر وزارت عظمی کے منصب کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ السودانی اور السہیل عوامی اور سیاسی سطح پر وسیع پیمانے پر مسترد کیے جانے کے سبب اپنی نامزدگیوں سے دست بردار ہو گئے۔

عراقیوں کی جانب سے خود مختار حکومت اور ایک منصفانہ انتخابی قانون کے مطالبے کے سلسلے میں احتجاج جاری ہے۔