عراق:حکومت مخالف مظاہرین کا احتجاج جاری ،ناصریہ آئیل فیلڈ تاحکم ثانی بندکردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں واقع ایک آئیل فیلڈ کے کنٹرول اسٹیشن میں احتجاجی مظاہرین نے بجلی بند کردی ہے جس کے بعد یہ آئیل فیلڈ تاحکم ثانی بند ہوگیا ہے۔

ناصریہ آئیل فیلڈ سے نوّے ہزار بیرل یومیہ تیل پیدا ہوتا ہے۔احتجاجی مظاہرین نے تیل کے اس کنویں کو بند کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی ہے اور وہ یہ کہہ رہے تھے کہ’’ اگر ہمارا کوئی دیس نہیں ہوگا تو پھر تیل بھی نہیں ہوگا۔‘‘

واضح رہے کہ عراق میں یکم اکتوبر سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران میں یہی نعرہ بلند کیا جارہا ہے کہ ’’ ہمیں ایک وطن چاہیے۔‘‘

ان احتجاجی مظاہروں کے دوران میں یہ پہلا موقع ہے کہ مظاہرین نے ایک پورے آئیل فیلڈ کو بند کردیا ہے۔ قبل ازیں وہ بندرگاہوں یا تیل صاف کرنے کے کارخانوں کو جانے والے راستوں کو ضرور بند کرتے رہے ہیں لیکن انھوں نے کبھی وہاں داخل ہوکر ان کی معمول کی سرگرمیاں معطل نہیں کی ہیں۔

واضح رہے کہ عراق کی معیشت کا دارومدار تیل کی برآمدات پر ہے۔وہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کا تیل پیدا کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

ہزاروں عراقی شہری یکم اکتوبر سے دارالحکومت بغداد اور ملک کے جنوبی شہروں میں ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ، شہری خدمات کے پست تر معیار اور سرکاری حکام کی بدعنوانیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔عراقی سکیورٹی فورسز نے اس عوامی احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے طاقت کا بے مُحابا استعمال کیا ہے۔

مظاہرین ملک کی تمام سیاسی اشرافیہ کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔اب وہ اسٹیبلشمنٹ کے پسندیدہ کسی امیدوار کو وزیراعظم نامزد کرنے کے لیے مذاکرات کرنے والے سیاسی لیڈروں کے خلاف بھی اپنے غیظ وغضب کا اظہار کررہے ہیں اور کسی ایسی ٹیکنو کریٹ شخصیت کو وزیراعظم نامزد کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا امریکا کی 2003ء میں عراق پر چڑھائی اور صدام حسین کی معزولی کے بعد قائم ہونے والے سیاسی نظام میں کوئی کردار نہ رہا ہو۔

عراق کے ایران نواز سیاسی اور مذہبی دھڑوں نے عادل عبدالمہدی کے استعفے کے بعد قصئی السہیل کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا تھا لیکن ان کی نامزدگی کو صدر برہم صالح نے مسترد کردیا ہے اور انھوں نے واضح کیا ہے کہ وہ مظاہرین کے مسترد شدہ کسی امیدوار کو وزیراعظم نامزد کرنے کے بجائے پارلیمان میں اپنا استعفا پیش کرنے کو ترجیح دیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں