سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ثقافت کے شعبے میں اسکالر شپ پروگرام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبدالله بن فرحان آل سعود نے مملکت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ثقافتی اسکالر شپ پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروگرام سعودی طلبہ و طالبات کو دنیا کی معروف یونیورسٹیوں میں ثقافت اور فن کے شعبوں میں خصوصی تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ استثنائی اکیڈمک صورتوں کے سوا ،،، ثقافت اور فن کے میدان میں بیرون ملک سعودی اسکالر شپس کا سلسلہ کئی دہائیوں سے منقطع تھا۔ بہرکیف وزیر ثقافت کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی طلبہ کو کئی شعبوں میں تخصص کے لیے اسکالر شپس پیش کی جائیں گی۔ ان میں آثار قدیمہ، ڈیزائننگ، میوزیم، موسیقی، تھیٹر، فلم پروڈکشن، لٹریچر اور بصری فنون شامل ہیں۔

ملک میں ثقافت اور فنون سے متعلق اس تاریخی منصوبے کا اعلان سعودی وزیر ثقافت کی جانب سے 7 نومبر کو کی گئی ٹویٹ کے پونے دو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ اُس ٹویٹ میں وزیر ثقافت نے حیرت انگیز طور پر موسیقی، تھیٹر اور فنون کو مملکت میں تعلیمی نصاب میں واپس لانے کا اعلان کیا تھا۔

سعودی وزارت ثقافت کی نئی حکمت عملی سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ اس نے مملکت میں ثقافت اور فنون پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت کی تمام تر توجہ مذکورہ شعبوں کی سرگرمیوں میں اضافے پر مرکوز ہے۔

اس سے قبل رواں سال اگست میں سعودی وزیر ثقافت نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں فنون، قومی ورثے اور موسیقی سے متعلق اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں