تُرکی کے عزائم لیبیا کے وسائل کی لوٹ مار کرنا ہے: مصر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مصر نے لیبیا میں ترکی کی سیاسی اور عسکری مداخلت کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کے حالیہ اقدامات کا مقصد لیبیا کے وسائل کی لوٹ مار ہے اور اسی مذموم عزم کے ساتھ ترکی لیبیا میں مداخلت کر رہا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عرب لیگ میں مصر کے مستقل مندوب علاء رشدی نے ایک بیان میں کہا کہ لیبیا میں جاری تنازع کا بہتر حل متحارب فریقین کے درمیان مذاکرات اور سیاسی بات چیت میں مُضمر ہے۔ بیرونی مداخلت لیبیا کے تنازع کو مزید گھمبیر کرنے کا موجب بنے گی۔

Advertisement

انہوں نے لیبیا میں ترکی کی فوجی اور سیاسی مداخلت کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ترکی لیبیا کے قومی وسائل کی لوٹ مار کے عزم کے تحت طرابلس میں مداخلت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیبیا میں متنازع قومی وفاق حکومت کی حمایت سے ترکی کے مذموم عزائم کی عکاسی ہوتی ہے۔

علاء رشدی نے لیبیا میں جاری تنازع کے حل کے لیے تمام عرب ممالک کو حرکت میں آنے پر زور دیا اور کہا کہ عرب ممالک کے موثر کردار کے فقدان کے نتیجے میں دوسرے ملکوں کو لیبیا میں مداخلت کا موقع مل رہا ہے۔

خیال رہے کہ لیبیا میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی طرف سے تسلیم شدہ قومی وفاق حکومت اور جنرل ریٹائرڈ خلیفہ حفتر کی قیادت میں فوج کے درمیان کئی ماہ سے لڑائی جاری ہے۔ خلیفہ حفتر کی وفادارنیشنل آرمی طرابلس پرقبضے کے لیے حملہ آور ہے جب کہ قومی وفاق حکومت نے نیشنل آرمی سے لڑنے کے لیے ترکی سے فوجی مدد طلب کی ہے۔

مصری مندوب نے لیبیا کی سلامتی اور خود مختاری یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برادر ملک لیبیا کا استحکام اور سلامتی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ لیبیا میں جاری تنازع کو فی الفوربات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوگا اور اس مقصد کے لیے اثر ورسوخ رکھنے والے ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں