عراق : الحشدالشعبی کی اپنے حامیوں کو امریکی سفارت خانے کا احاطہ خالی کرنے کی ہدایت
عراق میں امریکا کے فضائی حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے پیراملٹری گروپوں (الحشد الشعبی) نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ بغداد میں امریکی سفارت خانہ خالی کردیں۔
مختلف ملیشیاؤں سے تعلق رکھنے والے مظاہرین سے بدھ کی صبح بھی سفارت خانہ خالی کرنے کا کہا گیا تھا لیکن انھوں نے وہاں سے انخلا شروع نہیں کیا تھا۔
اس کے کئی گھنٹے کے بعد عراقی حکومت نے شیعہ ملیشیاؤں پر مشتمل الحشدالشعبی سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی سفارت خانہ کے اندر اور باہر احتجاج کرنے والے اپنے حامیوں کو منتشر ہونے کا کہیں۔
بغداد میں سیکڑوں مشتعل مظاہرین نے منگل کے روز امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا ہے۔ انھوں نے سفارت خانہ کا بیرونی آہنی دروازہ توڑ دیا تھا اور بیرونی چبوترے کو نذر آتش کردیا تھا۔اس کے بعد وہ سفارت خانے کے احاطے میں گھس گئے تھے اور وہاں دھرنا شروع کردیا تھا۔
عراقیوں نے سفارت خانے پر یہ حملہ امریکی طیاروں کی اتوار کو عراق میں ایران نواز شیعہ ملیشیا کتائب حزب اللہ کے ٹھکانوں پر تباہ کن بمباری کے ردعمل میں کیا تھا۔اس کے نتیجے میں 25 جنگجو ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔