سعودی وزارت خارجہ نے جمعرات کو بغداد میں امریکا کے سفارت خانے پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کو عالمی قوانین اور بین الاقوامی سفارتی آداب کی توہین قرار دیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی "ایس پی اے" کے مطابق وزارت خارجہ نے ان حملوں کو بین الاقوامی اصولوں اور معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کے روزامریکی سفارت خانے پرعراقی ملیشیائوں جن میں عراقی حزب اللہ بریگیڈ سمیت دیگر جنگجوئوں نے دھاوا بول دیا تھا۔ اس سے دو روز قبل امریکی فوج کی شام اور عراق میں فوجی کارروائیوں میں عراقی حزب اللہ اور دیگر شدت پسند گروپوں کے 20 سے زاید جنگجو ہلاک ہو گئے تھے۔
مظاہرین نے سیکیورٹی پوسٹ اور نگرانی کے کیمرے توڑتے ہوئے سفارت خانے کا گیٹ بھی نذرآتش کردیا تھا۔
جمہوریہ عراق کے صدر برہم صالح قائم مقام وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے امریکی سفارت خانے پرحملے کو عالمی سطح پر عراق کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بدترین کوشش قرار دیا تھا۔
بدھ کے روز ان دھڑوں اورملیشیا کے حامیوں کے مظاہرے جاری رہے اور انہوں نے امریکی سفارت خانے کے باہر جمع ہو کر امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سکیورٹی فورسز نے مشتعل ھجوم کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ بغداد میں گرین زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔