عراقی شیعہ ملیشیاؤں نے بغداد میں گرین زون پرراکٹ حملے میں ملوّث ہونے کی تردید کردی
عراق کی شیعہ ملیشیاؤں پر مشتمل الحشدالشعبی کے سربراہ نے دارالحکومت بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقےگرین زون پر راکٹ حملے میں ملوّث ہونے کی تردید کردی ہے۔
الحشد الشعبی کے لیڈر جواد الطلیباوی نے ملیشیاؤں پر حملے کے الزام کو غلط اور بے بنیاد قراردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حملہ کسی ایک فرد کا ردعمل میں فعل ہوسکتا ہے یا یہ ملیشیاؤں کے تشخص کو مجروح کرنے کے لیے بعض جماعتوں کی کوشش ہوسکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم یو مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کی حکم عدولی نہیں کرتی ہے۔‘‘
بغداد کے قلعہ نما گرین زون میں بدھ کو دو کاتیوشا راکٹ امریکا کے سفارت خانے کے نزدیک گرے تھے لیکن ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔عسکری ذرائع کے مطابق یہ راکٹ گرنے کے فوری بعد امریکی سفارت خانے میں سائرن بج اٹھے تھے۔
اس راکٹ حملے سے قبل ایران نے عراق میں امریکی اور اتحادی فورسز کے دو اڈوں پر بائیس بیلسٹک میزائل داغے تھے لیکن ان سے بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ایران نے یہ حملہ القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کی گذشتہ جمعہ کو بغداد میں امریکا کے ڈرون حملے میں ہلاکت کے ردعمل میں کیا تھا۔