عُمان میں اپنے برادران کے غم میں شریک ہیں: سعودی فرماں روا اور ولی عہد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہفتے کے روز عُمان کے سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سلطان قابوس جمعے کی شب انتقال کر گئے تھے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی دویوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو عُمان کے سلطان قابوس بن سعید بن تیمور کی رحلت کی خبر سے گہرا رنج پہنچا۔ سعودی عرب اور اس کے عوام اس موقع پر عُمان میں اپنے بھائیوں کے غم میں شریک ہیں۔ اللہ رب العزت عُمان میں حکمراں خاندان اور عوام کو صبر اور ہمت عطا فرمائے اور سلطنت عُمان اور اس کے برادر عوام پر امن و استحکام اور ترقی کے سائے کو دوام بخشے"۔

بیان کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان نے اس موقع پر سلطنت عُمان میں حکم راں خاندان، برادر عُمانی عوام اور عرب اور اسلامی دنیا کو تہِہ دل سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلطنت عُمان کے متوفی سربراہ نے ریاست کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے میں بنیادی اور بھرپور کردار ادا کیا اور نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ عُمان میں رائل کورٹ نے ہفتے کو علی الصبح جاری بیان میں سلطان قابوس کی وفات کی خبر دی۔ یہ بیان ملک کے سرکاری ٹیلی وژن اور عُمانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نشر کیا گیا۔

اس موقع پر ریاست میں سرکاری اور نجی سیکٹروں میں 3 روز کے سوگ اور سرکاری تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح 40 روز تک سلطنت کا پرچم سرنگوں رہے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں