.

شامی فوج کی جنگ بندی کے باوجود ادلب پر بمباری، نوافراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شامی فوج نے روس کی ثالثی میں جنگ بندی کے باوجود شمال مغربی شہر ادلب میں بدھ کو بمباری کی ہے جس کے نتیجے نو شہری ہلاک اور بیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ اسدی فوج نے ادلب شہر کے گنجان آباد علاقے میں واقع سبزی منڈی کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

مختلف باغی گروپوں کے زیر قبضہ صوبہ ادلب میں گذشتہ اتوار سے روس کی ثالثی میں نئی جنگ بندی کا آغاز ہوا تھا اور شامی فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر حملے روکنے سے اتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ ادلب میں اس وقت قریباً تیس لاکھ افراد رہ رہے ہیں۔اس صوبے پر ماضی میں القاعدہ سے وابستہ تنظیم ہیئت تحریرالشام کی قیادت میں مختلف باغی گروپوں کا کنٹرول ہے اور یہاں شام کے دوسرے صوبوں سے بھی گذشتہ برسوں کے دوران میں اہلِ سُنت کی آبادی کو نقل مکانی کے بعد لابسایا گیا ہے۔

شامی اور روسی فوج نے گذشتہ سال اپریل میں ادلب میں باغی گروپوں کے خلاف ایک تباہ کن جنگی کارروائی کی تھی جس کے نتیجے میں ایک ہزار افراد مارے گئے تھے اور کم سے کم چار لاکھ بے گھر ہوگئے تھے۔