یوکرینی جہاز کو ایک نہیں بلکہ دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا
یوکرینی مسافر طیارے کو نشانہ بنانے کی نئی ویڈیو جاری
امریکی اخبار'نیو یارک ٹائمز' نے منگل کے روزاپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سیکیورٹی کیمرے کے ذریعہ ریکارڈ کی گئی نئی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ 8 جنوری کو تہران سے پرواز کے بعد دوایرانی میزائل 30 سیکنڈ کے وقفے سے یوکرین کے مسافر طیارے سے ٹکرائے تھے۔ اس فوٹیج سے ظاہرہوتا ہے کہ یوکرین کے جہاز کو ایک میزائل نہیں بلکہ دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔
اخبار نے بتایا کہ یہ دونوں میزائل طیارے سے تقریبا 12 کلومیٹر دور ایرانی فوجی مرکز سے لانچ کیے گئے۔ میزائل حملوں کے بعد طیارہ فورا نہیں گرا بلکہ اس میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور اس نے واپس تہران ہوائی اڈے کی طرف آنے کی بھی کوشش کی تھی۔
اس سے قبل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک فوٹیج میں جہاز کو آگ کے گولے کی شکل میں فضاء سے زمین پر گرتے دیکھا جاسکتا تھا۔
آٹھ جنوری ہفتے کے روز ایرانی پاسداران انقلاب نے یوکرین کے ایک مسافر طیارے کو میزائل حملے میں مار گرانے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ طیارے میں عملے سمیت 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
Exclusive: Security camera footage verified by the New York Times confirms that 2 missiles, fired 30 seconds apart from an Iranian military site, hit the Ukrainian planehttps://t.co/Ab8iYKiHVR
— The New York Times (@nytimes) January 14, 2020
ایرانی پاسداران انقلاب کے سینیر عہدیدار امیر علی حاجی زادہ نے کہا تھا کہ یوکرین کے طیارے کو انسانی غلطی سے نشانہ بنایا گیا۔ آپریٹر نے جہاز کو کروز میزائل کے شبے میں بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ یوکرین کے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملے گی۔ انہوں نے اسے ایک ناقابل معافی جرم قرار دیا تھا۔
منگل کے روز ایرانی پاسداران انقلاب نے طیارے کو نشانہ بنانے والے شخص کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔