.

سعودی عرب : تہذیبی رابطوں کے منصوبے "سلام" کے تحت ملاقاتوں کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں تہذیبی رابطوں کے منصوبے "سلام" کے ضمن میں "تواصل" پروگرام کے تحت ملاقاتوں کا آغاز آنے والے دنوں میں ہو گا۔ یہ ملاقاتیں مملکت میں رواں سال کے G-20 سربراہ اجلاس کی میزبانی کے موقع پر ہوں گی۔ اس دوران مملکت میں مقیم G-20 ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد ،،، عالمی رابطے کے واسطے تیار کی جانے والی نوجوان قیادت کے پروگرام میں شریک افراد کے گروپوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ اس پروگرام کی نگرانی تہذیبی رابطے کے پروگرام "سلام" کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ پروگرام کے تحت سال 2020 کے دوران ریاض شہر میں 18 ملاقاتیں ہوں گی۔

سعودی عرب کی سرکاری ایجنسی SPA کے مطابق "تواصل" پروگرام کے تحت ملاقاتوں کا مقصد تہذیبی رابطے کو مضبوط بنانا، تہذہب کے میدان میں مملکت کی کامیابیوں کا تعارف کرانا اور دنیا کے نوجوان مرد اور خواتین کے درمیان رابطوں کی راہ ہموار کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کی جی ٹوئنٹی اجلاس کی صدارت کے علاوہ ویژن 2030 پروگرام کے سلسلے کی جانے والی کوششوں سے استفادہ کیا جائے گا۔

مذکورہ "تواصل" پروگرام کے سلسلے میں سعودی وفد کی پہلی ملاقات 21 جنوری بروز منگل جاپانی وفد کے ساتھ ہو گی۔ جاپان کا وفد مملکت میں مقیم نوجوان جاپانی مرد اور خواتین پر مشتمل ہے۔ ملاقات کے دوران متعدد سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں۔ ان میں نمایاں ترین سرگرمی تہذیبی رابطوں کے منصوبے "سلام" کے بارے میں ایک تعارفی فلم ہے۔ اس کے بعد دونوں وفود کے درمیان (مقامات چیلنج) کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس چیلنج میں دوست ممالک سعودی عرب اور جاپان کے مشہور ترین اور یادگار مقامات کے بارے میں سوالات پوچھے جائیں گے۔ بعد ازاں قابل ثبات ترقی کے اہداف کے حوالے سے مباحثہ ہو گا اور پھر (اقدار چیلنج) کا انعقاد ہو گا۔ اس چیلنج کا مقصد سعودی اور جاپانی معاشروں کی اقدار کا تعارف حاصل کرنا ہے۔

ملاقات کا اختتام جی ٹوئنٹی گروپ، اس کے اہداف، سرگرمیوں اور اس میں دونوں ممالک کی شرکت کی اہمیت سے متعلق بات چیت پر ہو گا۔

یاد رہے کہ "تواصل" پروگرام کے تحت سعودی نوجوان مرد اور خواتین کا گروپ مختلف عرب اور غیر ملکی شہریت کے حامل افراد کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا۔ اس کا مقصد باہمی رابطوں کی راہیں کھولنا، اقوام اور معاشروں کے درمیان مفاہمت کو یقینی بنانا اور مملکت سعودی عرب کی تہذیبی تصویر کو پیش کرنا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں