سعودی عرب کی کابینہ (وزارتی کونسل) نے لیبیا میں جاری تنازع کو فریقین کے درمیان باہمی بات چیت کے حل پر زور دیتے ہوئے لیبیا میں غیرملکی مدخلت مسترد کرنے پر اصرار کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق منگل کے روز سعودی کابینہ کا اجلاس خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت الریاض میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خطے میں جاری تنازعات اور ان کے حل کے لیے بات چیت کی روش اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔ سعودی کابینہ نے باور کرایا کہ لیبیا میں غیرملکی مداخلت تنازع کو مزید گھمبیر بنانے کا موجب بن سکتی ہے۔ اس لیے سعودی عرب برادر ملک لیبیا میں غیرملکی مداخلت کو مسترد کرنے پر زور دیتا ہے۔
اجلاس میں یورپی یونین کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے، مملکت کو درپیش درپیش خارجی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے یورپی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں خطے کے استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی اپنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لیے فنڈنگ کی روک تھام کی خاطر اسٹیٹ سیکیورٹی پریزی ڈنسی اور دوسرے ممالک کے اداروں کے درمیان رابطوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں عالمی اور علاقائی مسائل، ڈیووس اقتصادی کانفرنس میں سعودی قیادت کی عالمی رہ نمائوں سے ملاقاتوں اور کورونا وائرس کی روک تھام پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔