.

سعودی سفیر کی شامی مندوب کو اپنے گھر پر مدعو کیے جانے کی تردید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ المعلمی نے شامی ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ المعلمی نے نیویارک میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں شامی مندوب بشار الجعفری کو بھی مدعو کیا تھا۔

العربیہ چینل کے پروگرام 'ڈپلومیٹک روڈ' میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ المعلمی کا کہنا تھا کہ شامی ذرائع ابلاغ میں بشار الجعفری کو مدعو کیے جانے کی خبریں قطعا بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی خبریں اگر درست ہوتیں تو ہم شام کو عرب صف میں واپس لانے کی کوشش کرتے۔ شام عرب ملک ہونے کے باوجود عرب ممالک کے خلاف کام کر رہا ہے۔ فی الوقت شام کے حوالے سے ہماری پالیسی اور موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری رہائش گاہ پر سعودی وزیر مملکت ڈاکٹر فہد المبارک کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا تھا مگر اس میں شامی سفیر موجود نہیں تھے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں شامی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر عبداللہ المعلمی نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں شامی مندوب بشارالجعفری کو بھی مدعو کیا تھا اور وہ اس تقریب میں شریک بھی ہوئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں