سعودی عرب میں چاول میں ملاوٹ کا انوکھا دھندا بے نقاب

غیرمعیاری چاول کی اعلیٰ برانڈ چاول کے تھیلوں میں پیکنگ اور فروخت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں پولیس نے چاولوں میں ملاوٹ کا ایک نیا اور انوکھا دھندا بے نقاب کرتے ہوئے چار غیرملکی جعل سازوں کو حراست میں لے کران سے تفتیش شروع کردی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت تجارت وسرمایہ کاری کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ الریاض میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں پر بڑی تعداد میں اعلیٰ معیار کے چاول کے خالی بیگ رکھے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ وہاں پر غیرمعیاری چاول کی ان مشہور برانڈ کے چاول کے تھیلوں میں پیکنگ، سیل اورترسیل کی جا رہی تھی۔

Advertisement

پولیس نے چاولوں کی جعل سازی اور دھوکا دہی سے فروخت کے اس دھندے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان دارالحکومت کے مختلف ہوٹلوں اور دکانوں سے اعلیٰ معیار کے چاولوں کے خالی ہونے والے تھیلے جمع کرتے۔ اس کے بعد انہیں ایک مکان میں لے جاتے جہاں ان میں غیرمعیاری چاول پیک کرکے ان پرمشہور برانڈ کی مہر لگائی جاتی اور پھر مہنگے داموں فروخت کیے جاتے۔

پولیس نے چھاپے کے دوران 19 ہزار 500 خالی بیگ ضبط کیے ہیں۔ ان میں غیرمعیاری چاول پیک کرنےکے بعد اعلیٰ برانڈ کے چاول کی مہر لگائی جاتی اور انہیں سیل کردیا جاتا۔

وزرات تجارت وسرمایہ کاری کمیٹی کے چیئرمین اور مشترکہ سیکیورٹی مہم کے انچارج صالح العنزی نے بتایا کہ ملزمان غیرمعیاری چاول شہرکی چھوٹی اور پرچون میں سامان فروخت کرنے والی دکانوں میں مہیا کرکے ان سے اعلیٰ معیار کے چاول کی قیمت بٹورتے رہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں