سعودی عرب کے معروف وسیع و عریض صحرا الربع الخالی میں لاپتا ہونے والے دو شہری پیر کی شام مملکت کے مشرقی علاقے البطحاء میں مل گئے۔
مملکت کے مشرقی صوبے الشرقیہ میں سرحدی محافظین کی کمان کے میڈیا ترجمان میجر عمر الاكلبی کے مطابق دمام شہر میں سرچ اینڈ ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر (DMRCC ) کو البطحاء کے علاقے میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے ایک اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اس اطلاع میں ایک شہری نے مطالبہ کیا تھا کہ اس کے والد اور چچا کو تلاش کیا جائے۔ دونوں افراد عمر رسیدہ ہیں اور انھیں صحت کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا ہے۔ شہری کے مطابق دونوں افراد کی گاڑی اتوار کے روز الربع الخالی صحراء میں مغربی جانب 20 کلو میٹر اندر ریت کے ٹیلوں میں پھنس گئی۔ اس کے بعد سے دونوں افراد کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔
میجر الاکلبی نے مزید بتایا کہ اطلاع ملتے ہی البطحاء میں سرحدی محافظین کے تین دستوں کو مذکورہ دونوں لاپتا افراد کی تلاش کا مشن سونپ دیا گیا۔ دستوں کے ہمراہ ایک ایمبولینس کی گاڑی بھی تھی۔ اللہ کے فضل سے پیر کے روز دونوں افراد مل گئے۔ ان میں ایک شخص ریت میں پھنسی گاڑی کے پاس ہی موجود تھا جب کہ دوسرا شخص گاڑی سے 12 کلو میٹر کی دوری پر پایا گیا۔ دونوں افراد کی صحت بہتر ہے۔ گاڑی کو صحراء سے نکال لیا گیا اور دونوں افراد کو قریب ہی واقع طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔
مشرقی صوبے میں سرحدی محافظین کی کمان کے میڈیا ترجمان نے خشکی کے علاقوں میں سیر و تفریح کرنے والے اور وہاں سے گزرنے والے تمام افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔ ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مدد حاصل کرنے کے لیے سرحدی محافظین کے ہنگامی نمبر (994) پر رابطہ کریں۔