موت کا فرشتہ قاسم سلیمانی کے بجائے میری جان لے لیتا:حسن نصراللہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے لیڈر ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پرجمعرات کو نمودار ہوئے ہیں اور انھوں نے اپنے سابق پشتیبان میجر جنرل قاسم سلیمانی سے اپنی بے پایاں محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ اللہ ان کے بجائے میری جان لے لیتا۔‘‘

ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی تین جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک امریکا کے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ان کی اس طرح موت حزب اللہ سمیت خطے میں ایران کی آلہ کار شیعہ ملیشیاؤں کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوئی ہے۔ایران نے ان کی ہلاکت کے ردعمل میں عراق میں امریکا کے زیرانتظام دو فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے تھے۔

Advertisement

حسن نصراللہ نے کہا کہ انھوں نے حال ہی میں نماز کے بعد جگراتے میں یہ خواب دیکھا کہ اگر اللہ انھیں کوئی پیش کش کرتے تو وہ کیا کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اللہ سے یہ کہتے کہ قاسم سلیمانی کے بجائے ان کی جان لے لی جائے۔

حسن نصراللہ نے کہا’’اس مفروضہ کی روشنی میں ،میں نے سوچا کہ میں موت کے فرشتے سے کیا کہتا؟ میں اس سے کسی شک کے بغیر یہ کہتا کہ میری جان لے لیں اور کمانڈر قاسم سلیمانی کو چھوڑ دیں۔‘‘

واضح رہے کہ لبنان میں حزب اللہ ایک طاقتور سیاسی اور عسکری قوت ہے۔ دارالحکومت بیروت کے بیشتر جنوبی حصوں اور جنوبی لبنان میں اس کا کنٹرول ہے۔یہ ایران کی قریبی اتحادی ہے اور اس کے جنگجو عراق اور شام میں میجر جنرل قاسم سلیمانی کے زیر کمان لڑتے رہے ہیں اور اب بھی لڑرہے ہیں۔

ایرانی کمانڈر کی امریکا کے ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد حسن نصراللہ نے ’’مزاحمت‘‘ کے تمام جنگجوؤں پر زوردیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں ان کی ہلاکت کا انتقام لیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں