مائیک پومپیو :ایران کی عراق اور لبنان کے داخلی امور میں مداخلت کی مذمت
امریکا آبنائے ہُرمز اور خلیج عرب خطے کے تحفظ کو یقینی بنائے گا:میونخ سکیورٹی کانفرنس میں تقریر
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراق اور لبنان کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت کی مذمت کی ہے۔
انھوں نے جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ سالانہ سکیورٹی کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے لبنانی اور عراقی نوجوانوں کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا اور ان کا استحصال کیا ہے۔
مائیک پومپیو نے کہا کہ ’’امریکا آبنائے ہُرمز کا تحفظ کرے گا اور خلیج عرب خطے کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ’’امریکا داعش کے استیصال اور اس کے لیڈر ابوبکرالبغدادی کے صفایا کے مشن میں کامیاب رہا ہے۔‘‘واضح رہے کہ ابوبکرالبغدادی گذشتہ سال اکتوبر میں شام کے شمال مغربی صوبہ ادلب میں امریکا کے ایک فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
مائیک پومپیو نے جرمنی کے اس دعوے کو بھی مسترد کردیا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ امریکا عالمی منظرنامے سے پسپائی اختیار کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’بین البراعظمی اتحاد کی موت کے بارے میں بہت زیادہ مبالغہ آمیزی کی گئی ہے اور ایسے بیانات حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔‘‘
ان سے ایک روز قبل ہی جرمن صدر فرینک والٹر اسٹینمائر نے کہا تھا کہ ’’ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا نے بین الاقوامی برادری کے نظریے کو مسترد کردیا ہے۔‘‘
مائیک پومپیو نے اپنی تقریر میں مارک ٹوین کے ایک مشہور قول کو نقل کرتے ہوئے کہا کہ ’’ مجھے یہ رپورٹ کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ بین البراعظمی اتحاد کی موت کے بارے میں کچھ زیادہ ہی مبالغہ آرائی سے کام لیا گیا ہے۔‘‘