سعودی عرب: گھریلو ناچاقی پرشوہر نے گھرکو آگ لگا دی، بیوی جھلس کر زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے جنوبی علاقے جازان میں ایک گائوں میں گھریلو ناچاقی کے واقعے کے بعد شوہر نےاپنے مکان کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود اس کی بیوی بری طرح جھلس گئی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جازان پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ صلیبہ گائوں میں گذشتہ منگل کے روز ایک گھر میں میاں بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ اس جھگڑے کے دوران شوہرنے بیوی پر تشدد کیا اور اس کے بعد گھر کو آگ لگا دی۔ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آتش زدگی سے خاتون بری طرح جھلس گئی جب کہ اس کا شوہربھی معمولی زخمی ہوا ہے۔ دونوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Advertisement

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہےکہ مکان کوآگ شوہر نے بیوی سے جھگڑے کے بعد لگائی تھی۔ ضروری طبی معائنے کے بعد شوہر کو تفتیش کے لیے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ادھرجازان کے محکمہ صحت کے ترجمان محمد دراج نے بتایا کہ آتش زدگی سے خاتون کا 50 فی صد جسم جھلس گیا ہے۔ اسے اسپتال میں مصنوعی آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے تاہم اب اس کی حالت کچھ بہتر ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خاتون کے چہرے اور جسم کے بعض دوسرے جھلسے حصوں کی پلاسٹک سرجری کرائی جائے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں