.

'شاہ عبداللہ مکالمہ مرکز' کے وفد کی شاہ سلمان سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے قائم کردہ 'شاہ عبداللہ مرکز برائے ڈائیلاگ' کے ایک وفد نے گذشتہ روز الریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الریاض میں شاہی محل میں شاہ عبداللہ مکالمہ مرکز برائے انسداد انتہا پسندی ' کے سیکرٹری جنرل فیصل بن عبدالرحمان بن معمر کی قیادت میں سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کےارکان نے شاہ سلمان سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے سعودی عرب کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقعے پر مکالمہ مرکز کے ذمہ داران اور خادم الحرمین الشریفین کے درمیان انتہا پسندی کی روک تھام، اعتدال پسندی کے فروغ، بقائے باہمی کے اصول کی اقدار کے فروغ، رواداری اور عالمی امن کےقیام کے ساتھ دہشت گردی کی تمام شکلوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

مکالمہ مرکز نے سعودی عرب کی طرف سے رواداری، امن، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خدمات کوسراہا۔

ملاقات میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ وزیر مملکت اور وزراء کونسل کے رکن اور شاہی مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے بھی شرکت کی۔