سعودی عرب کے مشرقی صوبے الاحساء میں آوارہ کتوں نے ڈھائی سالہ بچے کی جان لے لی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے ذرائع کے مطابق مالک نامی بچہ ہفتے کی سہ پہر اپنے اہل خانہ کے ساتھ البطالیہ قصبے میں ایک ریسٹ ہاؤس کے باغ میں موجود تھا۔ اس دوران بچہ گُم ہو گیا جس پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کر دی۔ بعد ازاں یہ بچہ باغ سے ملحقہ فارم میں کتوں کے گروپ کے درمیان پڑا ملا جنہوں نے اس پر حملہ کر کے شدید زخمی کر ڈالا تھا۔ مالک کے اہل خانہ نے فوری طور پر اسے ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں قصبوں اور دیہات کے امور کی وزارت نے اپنے تمام سکریٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ CNSR پروگرام کو لاگو کریں۔ اس کا مقصد ماحول دوست طریقوں کے ذریعے آوارہ کتوں کی بھرمار میں کمی لانا ہے۔ واضح رہے کہ آوارہ کتوں کے انسداد کے سلسلے میں زہریلے کھانے کا استعمال روک دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد جانوروں کو کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کرنا ہے۔