کویت میں حکام نے پیر کی شب رات گئے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس کے سبب کویت نے پیر کے روز عراق آنے جانے والی تمام فضائی پروازیں روک دیں۔ اس کے علاوہ دو ہفتوں کے لیے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے وزیر صحت کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
کویتی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہرای ہوابازی کی جانب سے عراق کے لیے پروازیں روک دینے کا اعلان عراقی وزارت صحت کی ہدایت پر سامنے آیا ہے۔
بعد ازاں کویتی شہری ہوابازی کے ادارے نے جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور اطالیہ کے لیے بھی فی الوقت تمام پروازیں روک دینے کا اعلان کر دیا۔
کویت کی کابینہ یہ باور کرا چکی ہے کہ ملک کو کرونا سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے کسی بھی اقدام سے غفلت نہیں برتی جائے گی۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے حکام کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
کویت کی فٹبال فیڈریشن نے پیر کے روز ایک اعلان میں کہا کہ کرونا وائرس کے سبب دو ہفتوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ اس بات کا اعلان فیڈریشن نے ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صھت کے ڈائریک جنرل ٹیڈروس ایڈہنوم گیبریسوس نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے واسطے دنیا کو مزید کوششیں کرنا چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس "ممکنہ عالمی وبا" کے لیے تیار رہنا ہو گا۔
گیبریسوس کے مطابق عالمی ادارہ صحت یہ نہیں سمجھتا کہ 2600 سے زیادہ افراد کی وفات کا سبب بننے والا یہ وائرس عالمی وبا کے مرحلے تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم دنیا بھر کے ممالک پر لازم ہے کہ وہ ممکنہ عالمی وبا کے لیے جو کچھ بھی ہو سکتا ہے اس کی تیاری کریں۔