سعودی عرب میں Youth Summit 2020 کے حوالے سے رابطہ گروپ کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کا انعقاد دارالحکومت ریاض میں محمد بن سلمان فاؤنڈیشن (مِسک فاؤنڈیشن) میں ہوا۔
واضح رہے کہ Y20 واحد منظور شدہ پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں کو G-20 کے ساتھ مشغولیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ نوجوان قیادت کے لیے مؤثر ترین بین الاقوامی سفارتی فورم ہے۔
مِسک فاؤنڈیشن (Y20) ایونٹ کا انعقاد کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثراء) کے تعاون سے کر رہی ہے۔ ایونٹ کا مقصد ایجنڈے کی منظوری دینا، پالیسیوں کو زیر بحث لا کر انہیں بہتر بنانا اور اختتامی اعلامیے کے لیے سفارشات کو منظور کرنا ہے۔ یہ اعلامیہ رواں سال 21 اور 22 نومبر کو ریاض میں ہونے والے جی ٹوئنٹی کے سربراہ اجلاس کے دوران پیش کیا جائے گا۔
سعودی عرب مشرق وسطی میں جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس کی میزبانی کرنے والا دوسرا ملک ہو گا۔ اس اجلاس کا مقصد "اکیس ویں صدی کے مواقع سے سب کے لیے فائدہ اٹھانا" ہے۔ اجلاس میں دنیا بھر میں 20 طاقت ور ترین معیشت رکھنے والے ممالک کے فرماں روا، سربراہان اور قیادت شریک ہو گی۔
نوجوان سفارت کار آئندہ 8 ماہ کے دوران متعدد ورکشاپس اور اجلاسوں کا انعقاد کریں گے۔ اس کا مقصد اقتصادی اور سماجی امور سے متعلق معاملات تیار کرنا ہے جو نوجوانوں کے اجلاس کے ایجنڈے میں پیش کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ Y20 یوتھ سمٹ رواں سال 12 سے 18 اکتوبر تک سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گا۔ اس اجلاس میں رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے 100 سے زیادہ نوجوان مرد اور خواتین شریک ہوں گے۔ یہ وہ دانش ور اور مستقبل کے قائدین ہوں گے جنہوں نے اپنے معاشروں میں مثبت تاثر کو جنم دیا۔ انہیں جی ٹوئنٹی ممالک میں نوجوانوں کی آواز بن کر ان کی نمائندگی کے لیے چُنا گیا۔ یہ لوگ تبدیلی کو جنم دینے اور زیادہ مثبت ماحول قائم کرنے کے لیے اپنی جان کاریوں، عزائم اور ویژن کے ساتھ شریک ہوں گے۔
یہ ایک ایسی عالمی کانفرنس ہو گی جہاں جی ٹوئنٹی ممالک کی نوجوان قیادت اکٹھا ہو کر نوجوانوں سے متعلق عالمی معاملات کو زیر بحث لائے گی۔ شرکاء عالمی معیشت کے آفاق کے حوالے سے اپنے نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کریں گے۔ اس کا مقصد بین الاقوامی تعاون کو یقینی بنانا، مسقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے اور اقتصادی نمو کو مضبوط بنانے کے لیے عملی پالیسیوں کو تخلیق کرنا اور جی ٹوئنٹی گروپ کی قیادت کے لیے تجویز کردہ پالیسیوں کے ذریعے دنیا تک اپنی آوازوں کو پہنچانا ہے۔
واضح رہے کہ یوتھ ٹوئنٹی (Y20) گروپ جی ٹوئنٹی گروپ کی چھتری تلے آٹھ سرکاری رابطہ گروپوں میں سے ایک ہے۔ بقیہ سات گروپس یہ ہیں : کاروباری گروپ (B20)، سول سوسائٹی گروپ (C20)، لیبر گروپ (L20)، دانشوروں اور مفکرین کا گروپ (T20)، خواتین کا گروپ (W20)، سائنس گروپ (S20) اور تمدنی سوسائٹی گروپ (U20).