.

تین خلیجی ممالک کے شہری صرف فضائی سفر کے ذریعے سعودی عرب آ سکیں گے

زمینی راستے سے صرف مال بردار ٹرکوں کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ملے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی حکومت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر تین خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت سے مملکت میں ان افراد کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جو بذریعہ ہوائی جہاز آئیں گے۔ مملکت کی زمینی سرحد سے صرف متذکرہ ملکوں سے آنے والے مال بردار ٹرکوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں محکمہ صحت کے مجاز حکام کی طرف سے تجویز کردہ احتیاطی تدابیر کے مطابق کرونا وائرس (کوویڈ 19) کی روک تھام، سعودی شہریوں اور مقیم افراد صحت کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں بحرین، متحدہ عرب امارات اور کویت سے سفر کو صرف ہوائی جہاز تک محدود کر دیا گیا ہے۔

الریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ، جدہ میں شاہ عبد العزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے اورالدمام میں شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ تین عرب ممالک سے صرف ان افراد کو مملکت میں داخلے کی اجازت دیں جو بذریعہ طیارہ آئیں۔ اس کے علاوہ ان تینوں ممالک سے زمینی گذرگاہوں سے صرف مال بردار گاڑیوں کو گذرنے کی اجازت ملے گی۔