.

سعودی جیلوں میں کرونا سے بچائو کے لیے فول پروف انتظامات کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے تدارک کے لیے جیلوں میں صحت کے حوالے سے سخت ترین اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوشن کے ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا کہ پراسیکیوٹر جنرل الشیخ سعود بن عبداللہ المعجب نے جیل خانہ جات کی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے مجاز حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام جیلوں اور حراستی مراکز میں کرونا کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سخت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

انہوں نےجیلوں کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ قیدیوں تک کرونا وائرس کی رسائی روکنے کے لیے محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مل کر کام کریں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتائی اور غفلت نہ برتی جائے۔ وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت کی طرف سے کرونا سے بچائو کے لیے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر سختی کےساتھ عمل درآمد کرایا جائے۔

انہوں نے جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام قیدیوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے ان کا مکمل طبی معائنہ کرائیں اور اس حوالے سے رپورٹس اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائیں تاکہ کرونا وائرس کے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر فوری حفاظتی اقدامات کیے جاسکیں۔