قاہرہ میں سعودی عرب کے سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی شہریوں کے واسطے دو روز کے لیے مصر اور سعودی عرب کے درمیان فضائی پروازیں بحال کی جا رہی ہیں۔
بیان کے مطابق اس فیصلے میں سعودی فضائی کمپنی، ناس ایئر، مصری فضائی کمپنی اور دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔ فضائی پروازیں منگل 10 مارچ اور بدھ 11 مارچ کے لیے بحال کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مصر کا دورہ کرنے والے سعودی شہریوں کی وطن واپسی کو ممکن بنانا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ مسافروں کے لیے یہ ممکن ہو گا کہ وہ ان دو دنوں کے دوران مذکورہ فضائی کمپنیوں کے ساتھ اپنی بکنگ تبدیل کرا لیں۔ اس سلسلے میں فضائی ٹکٹوں پر کوئی اضافی ادائیگی نہیں کرنا ہو گا۔
#تنويه| تود سفارة المملكة العربية السعودية لدى جمهورية #مصر العربية إحاطة المواطنين السعوديين الكرام بأنه تم استئناف رحلات شركات الطيران بين المملكة ومصر بما فيها الخطوط السعودية ومصر للطيران وطيران ناس وغيرها من الشركات ليومي الثلاثاء والأربعاء 1٠-11 مارس، وفق جداولها المعتادة. pic.twitter.com/o4cg5sK4fu
— السفارة في القاهرة (@KSAembassyEG) March 10, 2020
دوسری جانب مصری وزارت خارجہ نے اپنے فیس بک پیج پر جاری ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ 10 اور 11 مارچ کو فضائی پروازوں کی بحالی کا مقصد صرف اُن سعودی شہریوں کی مملکت واپسی ہے جو اس وقت مصر میں موجود ہیں۔ اس معاملے کا مصری شہریوں سے کوئی تعلق نہیں۔
سعودی عرب نے اتوار کے روز ایک اعلان کے ذریعے کرونا وائرس سے متاثرہ نو ممالک کے ساتھ سفری آمد و رفت معطل کر دی تھی۔ ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، لبنان، شام، عراق، مصر، اٹلی اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔
بعد ازاں پیر کو سعودی وزارت داخلہ نے پانچ مزید ممالک سلطنت عُمان، فرانس، جرمنی، ترکی اور اسپین کے ساتھ شہریوں اور مکینوں کی سفری آمد و رفت معطل کردی۔
اس فیصلے کے تحت ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اگرکسی شخص نے گذشتہ دو ہفتے کے دوران ان ممالک کا سفر کیا ہے تو اس کو بھی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی عرب نے ان مذکورہ چودہ ممالک کے ساتھ طیاروں کے علاوہ بحری جہازوں کی آمد و رفت بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔