پاسدارانِ انقلاب کے بعد ایرانی فوج بھی کرونا وائرس کی لپیٹ میں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران میں کرونا وائرس حکومتی ذمے داران اور سیکورٹی فورسز کی صفوں میں پھیلتا جا رہا ہے۔

بدھ کے روز ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیر جنرل رمضان شریف نے اعلان کیا تھا کہ پاسداران کے 5 ارکان کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر فوت ہو گئے۔

Advertisement

اس سلسلے میں تازہ ترین پیش رفت میں ایران کے جنوبی صوبے خوزستان کے گورنر غلام رضا شریعتی نے ایرانی فضائیہ میں کرونا وائرس کے پہلے دو کیسوں کا انکشاف کیا ہے۔ ایرانی میڈیا نے ہفتے کی شب شریعتی کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ دونوں اہل کاروں کا تعلق دزفول شہر میں واقع فورتھ ایئر بیس سے ہے۔

یاد رہے کہ ایرانی وزارت صحت نے ہفتے کے روز ملک میں کرونا وائرس کے سبب مزید 97 افراد کے فوت ہو جانے کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح ایران میں اس مہلک وائرس کے سبب جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے افراد کی مجموعی سرکاری تعداد 611 ہو گئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے ایک ٹی وی پریس کانفرنس میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 1365 نئے کیسوں کا اندراج ہوا۔ اس طرح ایران میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 12729 تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں میں سے 4300 سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ہفتے کے روز سامنے آنے والے نئے کیسوں میں سب سے زیادہ (247) متاثرین تہران میں ریکارڈ کیے گئے۔ اس کے بعد اصفہان 155 اور البرز 134 کیسوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ چین جہاں یہ وائرس پہلی مرتبہ نمودار ہوا، اس کے بعد دنیا بھر میں کرونا کے سبب واقع ہونے والی سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں