.

کویت : کرونا وائرس کے 8 نئے کیس ،مجموعی تعداد 112 ہو گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت میں وزارتِ صحت نے کرونا وائرس کے 8 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اس ننھی خلیجی ریاست میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 112 ہو گئی ہے۔ان میں تین کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔یہ تینوں افراد دائمی امراض کا شکار ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان عبداللہ السند نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دنیا کے تمام ممالک سے کویت آنے والے افراد کے لیے گھروں میں طبّی تنہائی لازم کر دی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے طبی تنہائی کے اصول کی پاسداری کی جائے۔انھوں نے آزادانہ گھومنے پھرنے اور لوگوں سے اختلاط نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم کویتی شہریوں اور تمام مقیم افراد سے یہ چاہتے ہیں کہ وہ اپنے گھروں ہی میں رہیں۔

اس سے قبل ہفتے کے روز کویت کی کابینہ کا اجلاس ہوا۔اس میں کرونا وائرس کے پھیلتے خطرات اور اس کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر پرغور کیا گیااوربعض اہم فیصلے کیے گئے۔

کویتی حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے بتایا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے بنیادی ضرورت کے خریداری مراکز کے سوا تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بند کردیے گیے ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع کردیا گیا ہے۔

کویت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے گذشتہ جمعہ سے کویت شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تمام تجارتی پروازیں تاحکم ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کویت نے ریستورانوں، کیفے اور خریداری مرکز سمیت عوامی جگہوں پر لوگوں کے اجتماعات پر بھی پابندی عاید کردی ہے۔