ایران : کرونا وائرس سے مجلس خبرگان رہبری کے رکن کی زندگی کا چراغ گُل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران میں مجلس خبرگان رہبری کے رکن ہاشم بطحائی کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد چل بسے۔

ینگ جرنلسٹس کلب کی نیوز ایجنسی (باشگاہِ خبرنگاران) کے مطابق بطحائی کی وفات پیر کو علی الصبح قُم شہر کے بہشتی ہسپتال میں ہوئی۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی اِسنا نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ بطحائی کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ مجلس خبرگان رہبری کو ایرانی نظام میں بنیادی اتھارٹی کی حیثیت حاصل ہے۔ ایران کے آئین نے اس مجلس کو ملک کے رہبر اعلی کے تقرر اور معزولی کا اختیار دیا ہے۔ یہ مجلس 88 ارکان پر مشتمل ہوتی ہے۔ ارکان کا انتخاب براہ راست عوامی ووٹنگ کے ذریعے 8 سال کی مدت کے لیے عمل میں آتا ہے۔

ایرانی رہبر اعلی علی خامنہ ای کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ تسنیم نیوز ایجنسی نے جمعرات کے روز بتایا کہ ولایتی جو تہران میں ایک ہسپتال کے سربراہ بھی ہیں ،،، ان کا گذشتہ چند ہفتوں کے دوران کرونا کے کئی مریضوں کے ساتھ اختلاط ہوا تھا۔ فی الوقت ولایتی کو طبی قید میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے کل اتوار کے روز کرونا کے سبب 113 اموات کا اعلان کیا تھا۔ یہ ملک میں کرونا کے پھیلنے کے بعد ایک دن کے اندر وفات پانے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس طرح مذکورہ وبا کے نتیجے میں ایران میں اب تک کُل 724 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور کے مطابق ملک میں کرونا کے 1209 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ایران میں کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 13938 تک پہنچ گئی۔ جہانپور کے مطابق کرونا کے کُل مریضوں میں سے 4590 افراد صحت یاب ہو کر ہسپتالوں سے رخصت ہو چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں