متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل الرضا نے کہا ہے کہ امارات کرونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے 93 فی صد مسافر پروازیں بند کرنے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امارات ایئرلائنز دنیا کے 12 مقامات کے لیے اپنی پروازیں جاری رکھے گی اور یہ مجموعی فضائی آپریشن کا سات فی صد ہے۔
الرضا نے "العربیہ" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ امارات ایئر لائنز اپنے کسی بھی ملازم کو نوکری سے فارغ نہیں کرے گی۔ تاہم بعض ملازمین کو ان کے عہدے کے اعتبار سے تنخواہوں میں جز وقتی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ صرف کرونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
عادل الرضا نے وضاحت کی کہ دنیا کو الگ تھلگ رکھنا مشکل اور ناممکن ہے۔ دنیا معاشی طور پر ایک ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ تمام کمپنیوں کی طرف سے عالمی سطح پر وبا سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ امارات ایئرلائنز صرف سات فی صد اپنا فلائیٹ آپریشن جاری رکھے گی۔ امارات کے فضائی بیڑے میں شامل 256 مسافر طیاروں میں 230 کی پروازیں معطل رہیں گی اور صرف 26 طیارے مختلف اوقات میں فلائٹ آپریشن کرسکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ امارات کی برطانیہ ، سوئٹزرلینڈ ، ہانگ کانگ ، آسٹریلیا ، افریقا ، امریکا ، کینیڈا ، ملائشیا ، فلپائن اور جاپان کے لیےپروازیں جاری رہیں گی۔