ایران میں نائب وزیر صحت قاسم جان بابائی نے اچانک اعتراف کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 52 ہزار سے زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 ہزار کرونا مریضوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ بہت سے مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جب کہ بعض کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی نائب وزیر صحت کے اعترافی بیان میں کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد سرکاری اعدادو شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ ایران میں سرکاری سطح پر کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 13 ہزار 49 بتائی جا رہی ہے جب کہ 1812 افراد کرونا کے باعث ہلاک ہوچکےہیں۔
ایرانی ٹی وی چینل "آئی آر آئی بی' کے مطابق جان بابائی نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے متاثرہ بیشترمریضوں کی عمریں 40 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد اب تک 56 ہزار افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران میں سرکاری سطح پر کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد کم سے کم ظاہر کرنے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ ایران کے بعض آزاد ذرائع ابلاغ بھی متاثرہ افراد کی تعداد باون ہزار سے زیادہ بتا رہےہیں۔
ایران کے نائب وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کرونا سے متاثرہ مریضوں کے لیے 40 ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال قائم کئے گئے ہیں۔