.

امارات : غذائی اشیاء اور دواؤں کی فروخت کے مراکز کو 24 گھنٹے کھلے رہنے کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت و سماجی تحفظ اور ہنگامی حالات اور بحرانات سے نمٹنے کی قومی اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ غذائی اشیاء فروخت کرنے والے مراکز اور فارمیسیز کو 24 گھنٹے کام کرنے کی اجازت ہو گی۔ البتہ اس بات کا خیال رکھنا لازم ہو گا کہ خریداری کرنے والے افراد کی تعداد اس مرکز میں لوگوں کی مجموعی گنجائش کے 30% سے زیادہ نہ ہو۔ اس کے علاوہ سماجی فاصلے کے ضابطے کے مطابق تمام افراد کے درمیان کم از کم "دو میٹر" کا فاصلہ ہو۔ اس کا مقصد کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لوگوں کے ہجوم کے اکٹھا ہونے سے بچنا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت و سماجی تحفظ اور ہنگامی حالات اور بحرانات سے نمٹنے کی قومی اتھارٹی نے منگل کے روز جاری اپنے نوٹفکیشنز میں شرط عائد کی ہے کہ مذکورہ مراکز کے حکام کو احتیاطی اقدامات کی روشنی میں صحت و سلامتی کے متعلق تدابیر کو یقینی بنانا ہو گا۔ اس کا مقصد کرونا وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے لوگوں کی صحت اور سلامتی کا تحفظ ہے۔

اس سے قبل وزارت صحت و سماجی تحفظ اور ہنگامی حالات اور بحرانات سے نمٹنے کی قومی اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں تمام تجارتی مراکز اور شاپنگ سینٹروں کی بندش کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔