سعودی عرب میں عسیر صوبے کے سکریٹریٹ کے ذمے دار ڈاکٹر ولید الحمیدی نے صوبے میں کرونا وائرس کے خلاف عمل میں لائے گئے نمایاں ترین احتیاطی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے الحمیدی نے باور کرایا کہ صوبائی سکریٹریٹ نے وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہمیں ترتیب دیں۔ اس کا مقصد احتیاطی اقدامات پر عمل درامد کو یقینی بنانا ہے۔ ان میں ماسک اور دستانے پہننے کے علاوہ جراثیم کش مواد کے ذریعے صفائی کا سلسلہ جاری رکھنا اور تمام ملازمین کو مطلوبہ لوازمات فراہم کرنا شامل ہے۔
ڈاکٹر الحمیدی کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے یہ فوری حفاظتی اقدامات مملکت کے بلدیاتی اور دیہی امور کے وزیر ماجد الحقیل کی سرپرستی میں کیے گئے۔
عسیر صوبے کے سکریٹریٹ نے کارکنان اور مرکزی ذمے دار کے درمیان براہ راست رابطے کے لیے ایک ایپلی کیشن بھی بنائی ہے۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر ٹیلی فون کالز وصول کی جاتی ہیں اور مخصوص نمبر کے ذریعے ملاقات کا وقت مقرر کیا جاتا ہے۔