عرب اتحاد نے یمن میں جنگ بندی کے اعلان کی حمایت کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

یمن میں آئینی حکومت کے خلاف جاری حوثی بغاوت کچلنے اور آئینی حکومت کی رٹ بحال کرنے میں مدد فراہم کرنے والے عرب فوجی اتحاد نے کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران پرقابو پانے کے لیے یمن میں جنگ بندی کی حمایت کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمن کے لیے قائم کردہ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عرب عسکری اتحاد یمن میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اپیل پر حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کی حمایت کرتا ہے اور اس جنگ بندی کو آگے بڑھانے میں ہر ممکن مدد کرے گا۔

Advertisement

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں 'کوویڈ ۔ 19' جیسی خوفناک عالمی وباء سے لڑنا ہے جس کے لیے یمن میں جنگ بندی ہم سب کے مفاد میں ہے۔

کرنل ترکی المالکی نے مزید کہا کہ عرب اتحاد میں شامل ممالک اقوام متحدہ کے یمن کے لیے مندوب کی جنگ بندی کی مساعی کو آگے بڑھانے میں ہرممکن مدد کرے گا۔ ان کا کہنا تھا جنگ بندی کے لیے متحارب فریقین کے درمیان کشیدگی میں کمی لانا ہوگی۔ اعتماد سازی کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ یمن میں جاری انسانی اور اقتصادی بحران کے حل کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی اور یمنی عوام کو کرونا کی وجہ سے درپیش مشکلات اور وباء سے نمٹنے میں ہرممکن مدد فراہم کرنا ہوگی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے یمن میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر یمنی حکومت اور حوثی باغیوں سے جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کو جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی مساعی کے جواب میں یمنی حکومت نے جنگ بندی کی تجویز قبول کرلی ہے۔

یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حکومت نے سیاسی، اقتصادی اور صحت کے میدانوں میں سرگرمیاں تیز کرنے اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی اداروں کو یمن میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں