اسرائیل کے وزیر صحت یعقوف لٹزمین اور ان کی اہلیہ کرونا وائرس سے متاثرہ ہونے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف اسرائیلی وزارت صحت نے جمعرات کے روز کیا۔ وزارت کے مطابق مذکورہ وزیر اور ان کی اہلیہ کا کرونا سے متعلق ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ 71 سالہ یعقوف اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے اتحادی ہیں۔ انہوں نے حالیہ چند ہفتوں کے دوران میڈیا میں نمودار ہونا کم کر دیا تھا۔ یعقوف کے بدلے وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کرونا وائرس سے متعلق یومیہ بریفنگ کی ذمے داری سنبھال لی۔
یاد رہے کہ بنیامین نیتن یاہو کی ایک خاتون مشیر کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کا بھی کرونا کا ٹیسٹ کیا گیا۔ تاہم اس کا نتیجہ منفی آیا۔
اسرائیل میں اب تک کرونا وائرس کے سبب 30 افراد فوت ہو چکے ہیں۔ ریاست میں مہلک وائرس کے 6211 کیس سامنے آئے ہیں جن میں 107 کی حالت تشویش ناک ہے۔