.

فلسطین میں دو بچوں سمیت مزید 11 کرونا کا شکار، کل تعداد 205 ہوگئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز دو بچوں سمیت مزید 11 فلسطینیوں کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 205 ہوگئی ہے۔

رام اللہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا کا شکار ہونے والے بچوں میں سےایک کی عمر 11 اور دوسرے کی پندرہ سال ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ اور البیرہ میں بیتونیا کے مقام پر تین نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ القدس گورنری میں بیت عنان اور قطنہ میں بھی کرونا کے مزید تین کیسز سامنے آئے جب کہ طولکرم پناہ گزین کیمپ میں دو اور الخلیل میں حلحول کے مقام پر بھی دو کیسز سامنے آئے۔

ہفتے کے روز فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جمعہ کے روز شمالی بیت المقدس میں عطروت کے مقام پر کرونا کے مزید 22 کیسز سامنے آئے تھے۔

ایک بیان میں محمد اشتیہ نے خبر دار کیا کہ آئندہ دو ہفتے فلسطینیوں کے لیے کرونا کے حوالے سے خطرناک ہیں کیونکہ ایسٹر تہوار کے موقع پر 45 ہزار فلسطینی ملازمین اسرائیلی علاقوں سے واپس اپنے گھروں کو آئیں گے۔

جمعرات کو فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے فلسطینی علاقوں میں کرونا وباء پرقابو پانے کے لیے ہنگامی حالت میں مزید توسیع کردی تھی۔