خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے شوریٰ کونسل اور اس کی ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان کی طرف سے شوریٰ کونسل کے اجلاس اور ذیلی کمیٹیوں کے ویڈیو اجلاسوں کے انعقاد کی ہدایت اس لیے دی گئی تاکہ کرونا کے بحران میں شوریٰ کونسل اپنی آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ خود کو کرونا کی وباء سے محفوظ رکھ سکے۔
آج سوموار کے روز شوریٰ کونسل کا ورچوئل اجلاس چیئرمین شوریٰ کونسل الشیخ عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ کی زیرصدارت منعقد ہوگا۔ آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں مالیاتی کمیٹی کی سفارشات پر رائے شماری اور مالیاتی کمیٹی کی سالانہ رپورٹ پر غور شامل ہے۔
مالیاتی امور پرغور کے بعد آج کے اجلاس میں مذہبی اور عدالتی امور سےمتعلق کمیٹی کی سالانہ رپورٹ پربھی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ثقافت واطلاعات، سیاحت اور آثار قدیمہ سے متعلق سالانہ رپورٹس پر بھی غور کیا جائے گا۔