کرونا وائرس کا شکار ہونے والے لیبیا کے سابق وزیراعظم اور لیبیا کی نیشنل الائنس کے صدر ڈاکٹر محمود جبریل گذشتہ روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے ایک اسپتال میں دم توڑ گئے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر جبریل کو 25 مارچ کومصر کےایک بڑے اسپتال میں علاج کے لیے لایا گیا تھا۔ اسپتال میں داخل کیے جانے کے بعد پہلے پہل ان کی صحت میں بہتری آئی مگر بعد میں ان کی صحت بگڑتی چلی گئی اور وہ گذشتہ روز کرونا سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہارگئے۔
محمود جبریل سنہ 1952ء کو لیبیا میں پیدا ہوئے۔ پانچ مارچ 2011ء کو کرنل قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد انہیں عبوری نیشنل کونسل کا رکن منتخب کیا گیا۔
معمر قذافی کے دور میں انہیں نیشنل پلاننگ کونسل، اکنامک ڈویلپمنٹ کونسل اور کئی دوسرے کلیدی عہدوں کی ذمہ داری سونپی گئی۔ سنہ 2011ء کے انقلاب کے بعد محمود جبریل نے نیا قومی سیاسی اتحاد تشکیل دیا اور فوتگی تک اس کے صدر رہے۔ انہوں نے مغربی ملکوں سے لیبیا کی نیشنل کونسل کو ملک کی آئینی نمائندہ جماعت تسلیم کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔