.

ہاسپٹیلٹی کی بین الاقوامی کانفرنس ، چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے العُلا کا تجربہ پیش ہو گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں العلا ضلع سے متعلق رائل کمیشن کے چیف ایگزیکٹو عمرو المدنی انٹرنیشنل ہاسپیٹیلٹی ورچوئل کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں اس شعبے کے مستقبل کو زیر بحث لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ العُلا میں گذشتہ برسوں کے دوران سامنے آنے والی مستحکم ترقی سے حاصل تجربات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔

کانفرنس میں ہاسپیٹیلٹی سیکٹر میں سرگرم بڑی کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور کارکنان شرکت کریں گے۔ اس دوران مذکورہ سیکٹر کو درپیش عالمی چیلنجوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

کانفرنس کے ناظمین امور کو امید ہے کہ اس بات چیت کے ذریعے سیکٹر کی یکجائی اور سفر پر عائد بین الاقوامی قیود کے نتیجے میں جنم لینے والی تبدیلیوں کا تعین عمل میں آ سکے گا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی معیشت کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے میں سیاحت کے سیکٹر کے کردار پر بھی بات چیت ہو گی۔

مزید برآں سعودی عرب کے ویژن 2030 پروگرام کی روشنی میں العلا کے مقام کی اہمیت اور یہاں کے بھرپور تاریخی ورثے اور ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس مقام کی تاریخ ہزاروں برسوں پر پھیلی ہوئی ہے۔

العُلا رائل کمیشن نے سا ل2035 تک کے لیے تزویراتی نوعیت کے تین اہداف مقرر کیے ہیں۔ یہ اہداف سالانہ بیس لاکھ سیاحوں کا استقبال، سعودی عرب کی مجموعی مقامی پیداوار کے حجم میں 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا حصہ ڈالنا اور روزگار کے 38 ہزار مواقع پیدا کرنا ہے۔