مصر میں وزارت صحت و ہاؤسنگ نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 112 افراد کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 15 مزید افراد فوت ہو گئے ہیں۔ ان کے علاوہ 31 مزید افراد شفایاب ہو کر گوشہ تنہائی کے مراکز سے باہر آ گئے۔ اس طرح مصر میں اتوار کے روز تک مجموعی طور پر کرونا کے 3144 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے 732 افراد صحت یاب ہو کر ہسپتال سے رخصت ہو گئے جب کہ 239 افراد موت کا شکار ہوئے۔
وزارت کے مطابق ملک میں سامنے آنے والے 112 نئے کیسوں میں ایک غیر ملکی بھی ہے۔ کرونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کے حامل تمام متاثرین کو عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
اس دوران مصر کی صحت اور ہاؤسنگ کی خاتون وزیر ڈاکٹر ہالہ زاید نے طبی سیکٹر میں کام کرنے والے تمام افراد کی جانب سے ملک کی مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا۔ ہالہ کے مطابق مسلح افواج نے طبی سیکٹر اور طبی ٹیموں کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا۔ اس دوران فوجی عہدے داران نے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور وہاں لوگوں کے لیے خدمات انجام دینے والوں کو سراہا اور حوصلہ افزائی کے سرٹفکیٹ پیش کیے۔ اس طرح کارکنان کے مورال میں بے پناہ اضافہ ہوا اور وہ بدستور اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔ مصری وزیر نے اہم راستوں اور مقامات کو جراثیم کش مواد سے صاف کرنے کی کارروائیوں میں مسلح افواج کی خدمات کو بھرپور طور پر سراہا۔
خاتون وزیر نے بتایا کہ مصر میں کرونا کے ظاہر ہونے کے بعد سے سرکاری ہسپتالوں نے 15 لاکھ سے زیادہ شہریوں کو خدمات اور علاج فراہم کیا۔
مصر میں صحت اور ہاؤسنگ کی وزارت تمام صوبوں اپنی استعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔ کرونا وائرس کی روک تھام اور اس سے بچاؤ کے سلسلے میں تمام تر حفاظتی اقدامات اور تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔