.

کویت : کرونا وائرس کے183 نئے کیسوں اور ایک موت کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت کی وزارتِ صحت نے اتوار کو کرونا وائرس کے 183 نئے کیسوں اور ایک موت کی تصدیق کی ہے۔اس ننھی خلیجی ریاست میں اس مہلک وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 3057 ہوگئی ہے۔

وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کویت میں کرونا سے ایک ایرانی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ متوفیٰ کی عمر 57 سال تھی۔کویت میں اب تک 20 افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کویت کے وزیرصحت ڈاکٹر باصل الصباح نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کا شکارمزید 250 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب ملک میں تن درست ہونے والے افراد کی تعداد 806 ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سماجی فاصلے اور لوگوں کے گھروں ہی میں رہنے کے احکامات کے پر عمل درآمد کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ان پابندیوں کی وجہ سے کویت میں کرونا وائرس سے زیادہ لوگ متاثر نہیں ہوئے ہیں۔اگر لوگ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے تو مریضوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ ضرور ہورہا ہے لیکن یہ توقع کے مطابق ہی ہے۔

واضح رہے کہ کویت نے 24 فروری کو کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔ اس نے دوسرے خلیجی عرب ممالک کی طرح کرونا کی مہلک وبا کو پھیلنے سے روکنے کےلیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ملک میں 11 گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے اور تاحکم ثانی ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی عاید ہے۔اس کے تحت ریستوران، کیفے ،تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند ہیں۔اس کے علاوہ ریاست میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بند ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع ہے۔