دبئی کے علاقوں الرس اور نایف میں کرونا وائرس کے مزید کیس سامنے نہ آنے کے بعد وہاں پر لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی ہے۔
دبئی میں کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی سپریم کمیٹی کے چیئرمین الشیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم کی سربراہی میں اجلاس میں بتایا گیا کہ ان دونوں مقامات پر مقامی وقت کے مطابق صبح چھے بجے سے رات 10 بجے تک لوگوں کو معمول کے مطابق نقل و حرکت کی اجازت ہے۔ تاہم رات دس سے صبح چھ تک دبئی کےدوسرے علاقوں کی طرح ان علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن رہے گا۔
دبئی ڈیزاسٹر کمیٹی نے 31مارچ کو دبئی کے تمام علاقوں میں کرونا کی وبا کے پیش نظر 24 گھنٹے کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ نایف اور الراس کے مقامات پر گذشتہ دو روز میں کرونا کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا جس کے بعد وہاں پر دن کے اوقات میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔
دبئی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر سیل نے نایف اور الراس سمیت دیگر علاقوں میں مقیم شہریوں سے کہا ہےکہ وہ غیرضروری طورپر گھروں سے نہ نکلیں۔ ان دونوں علاقوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ان کی اہم نوعیت کی ضروریات پوری کرنے کا موقع مل سکے مگر شہریوں کا غیرضروری طورپر بازاروں اور سڑکوں پر نکلنا بیماری پھیلانے کا موجب بن سکتا ہے۔