کویت: کرونا وائرس سے دو اموات، 213 نئے کیسوں کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

کویت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 213 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اس کا شکار مزید دو افراد وفات پاگئے ہیں۔

کویت کی وزارت صحت نے سوموار کے روز بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 3288 ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

Advertisement

وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے قبل ازیں گذشتہ 24 گھنٹے میں 213 مریضوں کے شفایاب ہونے کی اطلاع دی تھی اور اب تک 1012 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کویت میں حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ کرونا کے ٹیسٹوں کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور اب تک ملک میں 179000 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کویت نے 24 فروری کو کرونا وائرس کے پہلے تین کیسوں کی اطلاع دی تھی۔ ان تینوں افراد نے ایران کا سفر کیا تھا اور ملک میں واپسی پر ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔اس کے بعد فروری اور مارچ کے اوائل میں جن افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے،ان میں سے بیشتر ایران ہی سے کویت لوٹے تھے۔

کویت نے دوسرے خلیجی عرب ممالک کی طرح کرونا کی مہلک وبا کو پھیلنے سے روکنے کےلیے سخت اقدامات کیے ہیں۔کویتی حکومت نے 22 مارچ کوملک میں 11 گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا تھا اور تاحکم ثانی ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی عاید ہے۔

گذشتہ سوموار کو حکومت نے کرفیو کے دورانیے میں مزید پانچ گھنٹے کا اضافہ کردیا ہے اور جمعہ یکم رمضان سے 16 گھنٹے کے اس کرفیو پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس کے تحت ریستوران، کیفے ،تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند ہیں۔اس کے علاوہ ریاست میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بند ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں