.

یمن میں حوثی باغیوں کی طرف سے 48 گھنٹوں میں جنگ بندی کی 151 خلاف ورزیاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے قائم کردہ عرب اتحاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کرونا کی وجہ سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

العربیہ چینل کے مطابق عرب اتحاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 48 گھںٹوں کے دوران حوثی باغیوں نے یمن میں جنگ بندی کی 151 بار خلاف ورزی کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی طرف سے مسلح کاروائیاں کی گئی جن میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے اور حوثیوں کی اشتعال انگیزی کا جواب نہیں دیا گیا۔ تاہم اتحاد خبردار کرتا ہے کہ اگر حوثیوں کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو عرب فوجوں کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن میں جنگ بندی کا اعلان اقوام متحدہ کےیمن کے لیے مقرر کردہ ایلچی مارٹن گریفیتھس کی کوششوں کے جواب میں کیا گیا تھا مگر حوثی ملیشیا کی طرف سے اس پرعمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے قائم عرب اتحاد نے کرونا کی وبا اور رمضان المبارک کے پیش نظر 8 اپریل کو جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں 23 اپریل کو جنگ بندی کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔