.

سعودی عرب : ڈاکٹر سمیہ السلیمان آرکیٹکچر اینڈ ڈیزائن اتھارٹی کی چیف ایگزیکٹو مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے جمعرات کے روز ایک فیصلے کے تحت ڈاکٹر سمیہ بنت سلیمان بن عبداللہ السلیمان کو مملکت کی آرکیٹیکچر اینڈ ڈیزائن اتھارٹی کا چیف ایگزیکٹو مقرر کر دیا۔ مذکورہ اتھارٹی ان 11 اتھارٹیز میں شامل ہے جن کو کچھ عرصہ قبل وزارت ثقافت کے تحت متعارف کرایا گیا تھا۔

ڈاکٹر سمیہ السلیمان کو اس میدان میں خصوصی تجربے اور مہارت کا حامل شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے 2010 میں برطانیہ کی نیو کیسل یونیورسٹی سے اسی شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے امریکا میں میسوچیسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی میں ابن خلدون پروگرام کے تحت پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو شپ بھی حاصل کی۔ ڈاکٹر سمیہ نے اسی انسٹی ٹیوٹ سے مینجمنٹ کے شعبے میں متعدد کورسز بھی کیے۔

انہوں نے امام عبدالرحمن بن فیصل یونیورسٹی میں فیکلٹی آف ڈیزائنز کی ڈین کے طور پر بھی کام کیا۔ وہ مشرقی صوبے الشرقیہ کے سکریٹریٹ کی بلدیاتی کونسل کی رکن بھی رہیں۔

وزارت ثقافت کی نئی اتھارٹی متعدد مشنوں کی ذمے داری سنبھالے گی۔ اس دوران وہ آرکیٹکچر اینڈ ڈیزائن کے سیکٹر کو تمام رخوں پر ترقی دینے کے لیے کام کرے گی۔

علاوہ ازیں آرکیٹکچر اینڈ ڈیزائن اتھارٹی متعلقہ میدان میں وزارت ثقافت کے منصوبوں کی نمائندگی کے لیے بھی کام کرے گی۔ ساتھ ہی مملکت سعودی عرب کے قومی تشخص کو نمایاں کرنے کے لیے ویژن 2030 پروگرام کی روشنی میں تخلیقی جدت کو عکاسی کا ذریعہ بنایا جائے گا۔