حزب اللہ کودہشت گرد تنظیم قرار دینے پر جرمن سفیر کی لبنان کی وزارت خارجہ میں طلبی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

لبنان کی وزارت خارجہ نے بیروت میں متعیّن جرمن سفیر کو طلب کیا ہے اور ان سے برلن حکومت کے شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کی وضاحت طلب کی ہے۔

جرمن سفیر نے لبنانی وزیرخارجہ نصیف حتی سے ملاقات کی ہے۔اس کے بعد نصیف حتی کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ حزب اللہ لبنان میں ایک مرکزی سیاسی گروپ ہے،یہ عوام کے ایک بڑے طبقے کی نمایندہ ہے اور پارلیمان کا حصہ ہے۔‘‘

Advertisement

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے سوموار کو ایک نشری تقریر میں کہا تھا کہ جرمنی نے امریکا کے دباؤ پر ان کی تحریک کو گذشتہ جمعرات کو’’شیعہ دہشت گرد تنظیم‘‘ قراردیا ہے۔

انھوں نے لبنانی حکومت سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ وہ جرمن سفیر کو طلب کرکے ان سے اس فیصلے کی وضاحت طلب کرے۔ حسن نصراللہ نے لبنانی حکومت سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ جرمنی میں مقیم اپنے شہریوں کے تحفظ کی ذمے دار ہے۔

انھوں نے جرمنی میں حزب اللہ سے وابستہ مساجد اور تنظیموں کے دفاتر پر پولیس کی چھاپا مار کارروائیوں کی بھی مذمت کی تھی اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تنظیم کا یورپ میں تو اب سرے سے وجود ہی نہیں ہے۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے بھی جرمنی کے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کی مذمت کی تھی جبکہ امریکا اور اسرائیل نے دوسرے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھی جرمنی کی پیروی کرتے ہوئے لبنانی ملیشیا کو دہشت گرد قرار دے دیں۔

واضح رہے کہ یورپی یونین نے حزب اللہ کے عسکری ونگ کو پہلے ہی دہشت گرد قراردے رکھا ہے لیکن اس کے سیاسی ونگ کو نہیں۔برطانیہ نے گذشتہ سال فروری میں یورپی یونین سے علاحدگی سے قبل ایک قانون متعارف کرایا تھا،اس کے تحت حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں