لیبیا میں فیلڈ مارشل جنرل خلیفہ حفتر کی قومی فوج نے دو گھنٹوں کے اندر ترکی کے دو ڈرون طیاروں کو فضا میں تباہ کر دیا۔ ان ڈرون طیاروں نے الوطیہ کے فوجی اڈے پر فضائی حملے کی کوشش کی تھی۔
لیبیا کی فوج نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے مصراتہ شہر کے مشرق میں واقع متعدد ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ حملوں میں ترکی کے ہمنوا مسلح گروپوں کے مراکز اور اسلحہ خانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
فوج کی جانب سے جمعرات کی شب جاری بیان میں بتایا گیا کہ ترکی کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے مراکز اور گولہ بارود اور ہتھیاروں کے گوداموں کے علاوہ بوقرین کے جنوب میں القداحیہ کے علاقے میں بعض کھیتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ان کھیتوں میں مذکورہ ملیشیاؤں کے ٹھکانے قائم ہیں۔