.

ایمریٹس : 21 مئی سے 9 شہروں کے لیے معمول کی پروازوں کے دوبارہ آغاز کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ 21 مئی سے 9 شہروں کے لیے معمول کی پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا جائے گا۔

یہ نو شہر لندن (ہیتھرو)، فرینکفرٹ، پیرس، میلان، میڈرڈ، شکاگو، ٹورنٹو، سڈنی اور میلبرن ہیں۔

ایمریٹس پہلے ہی یہ اعلان کر چکی ہے کہ وہ طیاروں کے اڑان بھرنے سے قبل مسافروں میں کرونا کی جانچ کے حوالے سے تیز اقدامات کرے گی۔

ایمریٹس کمپنی کچھ عرصہ قبل لندن اور فرینکفرٹ کے لیے شروع کی جانے والی پیسنجر سروس کا دائرہ کار جکارتا، تائے پی، شکاگو، تونس، الجزائر اور کابل تک وسیع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق اعلان کردہ پروازیں مذکورہ مقامات کا دورہ کرنے والے افراد اور اپنے وطن واپس آنے کے خواہش مند افراد کے سفر کو آسان بنا دیں گی۔

ایمریٹس کمپنی نے ان پروازوں کے لیے ترمیم شدہ خدامتی پروگرام ترتیب دیے ہیں جن میں صحت و سلامتی کے قواعد و ضوابط کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ پروازوں کے دوران طیاروں میں کوئی مطبوعہ مواد فراہم نہیں کیا جائے گا۔ مسافروں کو کھانا اور مشروبات پیش کرنے کے دوران اور دیگر اوقات میں بھی عملے کے ارکان اور مسافروں کے درمیان لمس سے گریز کیا جائے گا۔

مسافروں کو طیارے میں دستی سامان لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ لیپ ٹاپ، دستی بیگ اور بچوں کے لوازمات کا بیگ مستثنی ہوں گے۔ ہر مسافر کے کارگو سامان کی گنجائش میں دستی سامان کے مساوی 7 کلو گرام وزن کا اضافہ کر دیا جائے گا۔

ایمریٹس کے مطابق مسافروں کو پوری پرواز کے دوران چہرے پر ماسک اور ہاتھوں میں دستانے پہن کر رکھنا ہوں گے۔ مسافروں کو پرواز کے وقت سے 3 گھنٹے قبل دبئی ایئرپورٹ پر عمارت نمبر 3 پر پہنچنا ہو گا۔