یمن : حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کرونا کے 100 کیسوں کا انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

یمن میں ڈاکٹروں، کرونا کے ٹیسٹ کے طریقہ کار سے متعلق تکنیکی اہل کاروں اور ملک میں کام کرنے والی ایک طبی تنظیم کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ صنعاء اور حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں منگل کے روز تک کرونا وائرس کے کم از کم 100 مصدقہ کیس موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق حوثی ملیشیا کے ارکان ڈاکٹروں کے موبائل فون ضبط کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں کہ متاثرین کی تعداد ظاہر کرنے کی صورت میں خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

Advertisement

اسی طرح حوثیوں نے دو ڈاکٹروں کو ایک روز کے لیے گرفتار بھی کر لیا اور ان سے یہ عہد لکھوایا کہ وہ آئندہ کوئی معلومات ظاہر نہیں کریں گے۔

کئی ہسپتالوں سے حاصل معلومات کے مطابق کرونا وائرس سے 100 کے قریب افراد کے متاثر ہونے اور 17 کے وفات پانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ متاثرین میں 61 مرد اور 40 کے قریب خواتین اور بچے ہیں۔

ذرائع نے غالب گمان ظاہر کیا ہے کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی ایک بڑی تعداد ٹیسٹ اور جانچ ہوئے بغیر اس دنیا سے رخصت ہو چکی ہے۔ اس کی وجہ حوثیوں کی جانب سے کریک ڈاؤن کے اقدامات ہیں۔

صنعاء میں صحت سے متعلق تنظیموں نے اس سلسلے میں تبصرہ کرنے یا اعداد و شمار فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مقامی حکام کی پالیسیوں کی پابند ہیں اور اپنی طرف سے کوئی معلومات جاری نہیں کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے چند روز قبل حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں اپنے اہل کاروں کا کام معطل کر دیا تھا۔ بعد ازاں ادارے نے یہ کہہ کر دوبارہ کام شروع کر دیا کہ "قیود کو ختم کر دیا گیا ہے"۔

حوثی حکام نے ابھی تک کرونا کے صرف دو کیسوں کا اعلان کیا ہے۔ ان میں کرونا سے وفات پانے والا ایک صومالی مہاجر اور عدن شہر سے آنے والا ایک متاثرہ یمنی شہری ہے۔

یمن میں انسانی حقوق کے وزیر ڈاکٹر محمد عسکر نے باغی حوثی ملیشیا پر الزام لگایا ہے کہ وہ الحدیدہ اور اپنے زیر قبضہ دیگر صوبوں میں کرونا کے متاثرین کو موت کی نیند سلا رہی ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے عدم شفافیت اور متاثرین کی تعداد کے متعلق رپورٹیں پیش نہ کرنا ،،، انسانیت کے خلاف جرم کا ارتکاب ہے۔

عسکر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثی ملشیا پر دباؤ ڈال کر مجبور کرے کہ وہ انسانیت اور طبی پہلوؤں سے شفافیت کا مظاہرہ کرے اور کرونا کی عالمی وبا کا شکار ہونے والوں کے بارے میں معلومات ظاہر کرے۔

بدھ کے روز تک یمنی حکومت 70 افراد کے کرونا سے متاثر ہونے کا اعلان کر چکی ہے۔ ان میں 12 افراد فوت اور ایک صحت یاب ہوا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں