.

قطر:کرونا وائرس کے 1547 نئے کیسوں کی تصدیق، کل تعداد 30 ہزار سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قطر میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 30 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے۔

قطر کی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز کرونا وائرس کے 1547 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے قطر کے سرکاری اعداد وشمار کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اب کرونا کے کیسوں کی کل تعداد 30972 ہوگئی ہے۔

دریں اثناء اس مہلک وائرس کا شکار ایک ضعیف العمر مریض وفات پا گیا ہے۔اس کی عمر 74 سال تھی اور وہ دوحہ میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھا۔نیز کرونا وائرس کا شکار مزید 242 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3788 ہوگئی ہے۔

قطر نے گذشتہ بدھ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

قطر میں آبادی کے تناسب سے کرونا وائرس کے زیادہ کیس منظرعام پر آئے ہیں۔اس کی کل آبادی صرف ساڑھے27 لاکھ ہے لیکن کیسوں کی تعداد قریباً 31 ہزار ہوچکی ہے۔ قطر خلیج تعاون کونسل کے رکن چھے ممالک میں کرونا کے کیسوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔

قطر نے اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام غیر ضروری کاروباروں کو تاحکم ثانی بند کررکھاہے۔ البتہ سپر مارکیٹیں اور دواخانے بدستور کھلے ہیں۔قطری حکومت نے 17 مارچ کو مساجد کو بند کرنے کا حکم دیا تھا اور جمعہ سمیت پنج وقتہ نمازوں کی باجماعت ادائی کو موقوف کردیا تھا۔

قطری حکومت نے شاپنگ مالوں میں واقع بنکوں کی تمام شاخوں اور دکانوں کو بھی بند کردیا تھا۔اس نے حجام کی دکانیں ، ہوٹلوں میں ورزش گاہیں اور پرچون کی دکانیں بھی بند کردی ہیں اور انڈسٹریل ایریا میں تمام سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔