.

آپریشن تھیٹر کے اندر سعودی سرجن کے افطار کا منظر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوشل میڈیا پر ایک سعودی سرجن کی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ آپریشن تھیٹر کے اندر افطار کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر سعودی حلقوں نے اپنے ملک کے تربیت یافتہ طبی اہل کاروں پر فخر کا اظہار کیا ہے۔

یہ تصاویر مملکت کے صوبے "شمالی سرحد" میں دماغ، اعصاب اور ریڑھ کی ہڈی کے سرجن ڈاکٹر عبدالرزاق الہزیمی کی ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جانے والی ان تصاویر کے بارے میں بتایا کہ یہ ایک چالیس سال کے قریب شخص کے آپریشن کے دوران لی گئیں۔ اس شخص کو دماغ سے خون رسنے کا مسئلہ درپیش تھا۔

سوشل میڈیا پر سرگرم حلقوں نے ڈاکٹر الہزیمی کی تصاویر وائرل کر دیں۔ ان میں وہ عرعر شہر کے پرنس عبدالعزیز بن مساعد ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں اپنی ٹیم کی ایک ساتھی کی مدد سے افطار کر رہے ہیں۔

الہزیمی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب انہوں نے آپریشن تھیٹر میں افطار کیا ہو۔ وائرل ہونے والی تصاویر اچانک لی گئیں۔ ان تصاویر سے ڈاکٹر کے اندر موجود انسانیت کا جذبہ واضح طور پر سامنے آتا ہے۔

مذکورہ ہسپتال کی انتظامیہ نے تصاویر کے حوالے سے ٹویٹر پر ہسپتال کے اکاؤنٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔ انتظامیہ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "ڈاکٹر عبدالرزاق آپ کا اور آپ کی طبی ٹیم کا شکریہ .. ہمیں فخر ہے کہ آپ پرنس عبدالعزیز بن مساعد ہسپتال میں صحت کے شعبے کے ہیروز میں سے ہیں .. اللہ تعالی آپ کو اجر عطا فرمائے"۔